ویب ڈیسک: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عالمی بینک کی جانب سے سندھ فلڈ ایمرجنسی ری ہیبلیٹیشن منصوبے کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دینا سندھ حکومت کی مؤثر منصوبہ بندی اور بہتر عملدرآمد کا واضح ثبوت ہے۔
اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت صوبے بھر میں اہم انفراسٹرکچر کی بحالی کی گئی، جس سے 7.2 ملین سے زائد افراد مستفید ہوئے، جن میں 3.4 ملین خواتین بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کو اپنی اولین ترجیح بنایا اور محدود وسائل کے باوجود شفافیت، تیز رفتار عملدرآمد اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا گیا۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق عالمی بینک کی جانب سے منصوبے کی پیش رفت کو تسلی بخش قرار دینا اس بات کی تصدیق ہے کہ حکومتِ سندھ درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلڈ ایمرجنسی ری ہیبلیٹیشن منصوبے کے باعث متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی بحالی ممکن ہوئی، جبکہ یہ منصوبہ صوبے میں معاشی اور سماجی استحکام میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔