سٹی42: پنجاب اسمبلی میں فوجداری قانون میں اہم ترامیم کے لیے کوڈ آف کریمنل پراسیجر ترمیمی بل 2025 پیش کیا گیا ہے۔ بل کے تحت مجرموں کی بریت کے فیصلوں کے خلاف اپیل دائر کرنے کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔
ترمیم کے مطابق اپیل دائر کرنے کی منظوری کا اختیار پہلے حکومت کے پاس تھا، لیکن اب یہ اختیار سیکرٹری پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کو منتقل کیا جائے گا۔ اس سے پہلے پبلک پراسیکیوٹر اپیل دائر کرنے کے لیے حکومت سے درخواست کرنا ضروری تھی، جبکہ ترمیم کے بعد وہ براہِ راست سیکرٹری پراسیکیوشن کو درخواست دے کر اپیل دائر کر سکیں گے۔
بل میں فوجداری فیصلوں پر نظرثانی کے عمل کو تیز کرنے، کاغذی کارروائی اور قانونی پیچیدگیوں کو کم کرنے کے اقدامات بھی شامل ہیں، تاکہ جرائم کے کیسز میں اپیل کا عمل آسان اور مؤثر بنایا جا سکے۔
متعلقہ قائمہ کمیٹی بل کے حوالے سے دو ماہ کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی، جس کے بعد بل کو پنجاب اسمبلی سے منظور کروایا جائے گا۔ بل کی حتمی منظوری کے بعد گورنر پنجاب اسے قانونی شکل دیں گے۔