ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

فی تولہ سونے کی قیمت 6 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے؟ ماہرین نے خبردار کر دیا

فی تولہ سونے کی قیمت 6 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے؟ ماہرین نے خبردار کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: دنیا بھر میں مالیاتی ادارے اور سرمایہ کاری بینکس سال 2026 میں سونے کی قیمتوں کے مجموعی طور پر مضبوط رہنے کی توقع ظاہر کر رہے ہیں، سوشل میڈیا اور غیر رسمی مالیاتی پلیٹ فارمز پر قیمتوں میں کمی یا اصلاح کے دعوے گردش کر رہے ہیں تاہم ماہرین کے مطابق عالمی معیشت، سود کی شرحیں، ڈالر کی قدر اور جیوپولیٹیکل کشیدگی سونے اور چاندی کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ پر اثر ڈال سکتے ہیں لیکن مجموعی رجحان تیزی کا ہی رہنے کا امکان ہے۔

کراچی گولڈ ایسوسی ایشن کے سینئر رکن عبداللہ چاند کے مطابق اس وقت عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونا اور چاندی مکمل طور پر تیزی کے رجحان پر ہیں اور قیمتوں میں کمی سے متعلق کوئی مستند یا ٹھوس اشارہ سامنے نہیں آیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہفتے کے آغاز پر ہی عالمی مارکیٹ میں سونے نے تقریباً 100 ڈالر کا اپر ہائی بنایا جبکہ ٹریڈنگ کے دوران بھی سونا 88 ڈالر سے زائد اضافے کے ساتھ مستحکم رہا، جو مضبوط خریداروں کی موجودگی کو ظاہر کرتا ہے۔

عبداللہ چاند کے مطابق چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی، جہاں عالمی سطح پر چاندی 4 ڈالر تک اضافے کے بعد 76 ڈالر کی سطح کو چھونے کے بعد ڈھائی سے 3 ڈالر اضافے پر مستحکم رہی۔

ان کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر جیوپولیٹیکل صورتحال بدستور غیر یقینی ہے، جہاں ایک خطے میں کشیدگی کم ہوتی ہے تو دوسرے خطے میں بڑھ جاتی ہے۔ خاص طور پر امریکا اور وینزویلا کے درمیان حالیہ تناؤ کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وینزویلا دنیا کے سب سے بڑے تیل ذخائر رکھنے والا ملک ہے اور چین، روس، ایران اور سعودی عرب جیسے ممالک اس کے ساتھ کھڑے ہیں، جس سے صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے۔

عبداللہ چاند کے مطابق اگر کسی بھی مرحلے پر فوجی کارروائی یا جنگی اقدام سامنے آیا تو اس کے اثرات عالمی معیشت کے ساتھ ساتھ سونے اور چاندی جیسی کموڈیٹیز پر بھی مرتب ہوں گے، اور ایسی صورتحال میں سرمایہ کار عموماً محفوظ اثاثوں کا رخ کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا میں بڑھتے معاشی دباؤ اور ڈالر کی قدر میں کمی بھی سونے کے حق میں جاتی ہے جبکہ چاندی کو صنعتی طلب، نئی ٹیکنالوجیز اور الیکٹرانکس کے شعبے سے بھی مضبوط سہارا مل رہا ہے۔

عبداللہ چاند کے مطابق اگر موجودہ عالمی حالات برقرار رہے تو سال کے اختتام تک پاکستان میں سونے کی قیمت 6 لاکھ روپے فی تولہ تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ چاندی کی قیمتوں میں بھی بتدریج اضافے کا امکان ہے۔

دوسری جانب راولپنڈی صرافہ ایسوسی ایشن کے رکن محمد مجتبیٰ کا کہنا ہے کہ سال 2026 کے آغاز میں سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ سکتا ہے، تاہم مجموعی رجحان تیزی کی جانب ہی رہے گا۔ ان کے مطابق عالمی حالات اور سرمایہ کاروں کے رویے کو مدنظر رکھتے ہوئے سونے کی قیمتیں نئی سطحیں قائم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور کسی مستقل یا نمایاں کمی کے امکانات کم ہیں۔