فاران یامین: بسنت فیسٹیول کے موقع پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 نے لاہور میں خصوصی ایمرجنسی پلان مرتب کر لیا ہے۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق بسنت کے دوران شہر بھر میں ریسکیو ٹیمیں ہائی الرٹ رہیں گی تاکہ شہریوں کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔
ایمرجنسی پلان کے تحت لاہور میں 1200 سے زائد ریسکیورز تعینات کیے جائیں گے، جبکہ 56 ایمبولینسز، 24 فائر وہیکلز اور 300 ریسکیو موٹر بائیکس مختلف علاقوں میں متحرک ہوں گی۔ شہر کے 23 ریسکیو اسٹیشنز کے ساتھ ساتھ اہم مقامات پر خصوصی “کی پوائنٹس” قائم کیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر 180 اہم کی پوائنٹس پر ایمرجنسی ایمبولینسز، فائر وہیکلز اور ریسکیو موٹر بائیکس تعینات ہوں گی۔ تنگ گلیوں اور گنجان علاقوں میں فوری رسائی کے لیے ریسکیو موٹر بائیکس کو خصوصی طور پر کی پوائنٹس پر رکھا جائے گا۔
والڈ سٹی، مزنگ، اچھرہ، شاد باغ اور داتا دربار سمیت دیگر حساس علاقوں میں بھی خصوصی ریسکیو ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق بسنت فیسٹیول کے دوران ریسکیو اور میڈیکل کور کے علاوہ روٹین ریسکیو آپریشن بھی بلا تعطل جاری رہیں گے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔