ویب ڈیسک :صدر مملکت آصف علی زرداری نے عوامی جمہوریہ چین کے وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
گریٹ ہال آف دی پیپلز میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا ، ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے پر بھی گفتگو ہوئی،ملاقات میں قابل تجدید توانائی، سائنس و ٹیکنالوجی ، انفراسٹرکچر اور زرعی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر غور ہوا جبکہ اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے نجی شعبے اور کاروباری برادری میں روابط بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی اس ملاقات میں صدر آصف علی زرداری کے ہمراہ موجود تھے۔
صدر آصف علی زرداری نے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار اور گہری آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنر شپ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی ایجنڈے کیلئے چین کی مسلسل حمایت پر شکر گزار ہیں، علاقائی روابط اور اقتصادی ترقی کیلئے سی پیک منصوبہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔