سید زوہیب بخاری: پاکستان پیپلز پارٹی کے این اے 148 میں امیدوار اور جنوبی پنجاب مینں تِیر کی کیمپین کے لیڈر سید یوسف رضا گیلانی نے ملتان شہر میں نم آنکھوں کے ساتھ اپنی ولولہ انگیز انتخابی مہم کا آخری جلسہ کیا۔ ان کے جلسہ میں عوام کی بہت بڑی تعداد شریک تھی۔
آنکھوں میں نمی
پاکستان کےسابق وزیراعظم اور قومی اسمبلی کے سابق سپیکر یوسف رضا گیلانی نےلطف آباد میں اختتامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو کی لطف آباد آمد کی یادیں تازہ کیں۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ لطف آباد میں ذولفقار علی بھٹو نے بھی جلسہ کیا تھا ۔ بھٹو صاحب نے ایٹمی پروگرام دیا ، آئین پاکستان دیا ۔ ذولفقار علی بھٹو نے ووٹ کا حق دیا۔ پہلے ہماری زبان نہیں تھی، بھٹو نے ہمیں زبان دی ۔
سب کچھ سہا لیکن عوام کے حقوق کے تحفظ سے پیچھے نہیں ہٹے
اپنے شہید قائد کی لطف آباد آمد کا ذکر کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی آبدیدہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ میری ماں ، میری ہمشیرہ کی وفات ہوئی لیکن ہم نے وفا نبھائی ۔میں 9 سال جیل میں تھا جب والدہ اور بہن کا انتقال ہوا ۔ ہم نے سب کچھ سہا لیکن عوام کے حقوق کے تحفظ کے مشن سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے۔
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے اعلان کیا ہے اگر عوام ہمیں ہمارے دس نکاتی منشور پر ووٹ دیں گے تو ہم اس پر مکمل عمل کروائیں گے۔
ہر گھر کے فرد کو نوکری دیں گے
ملتان کے شہریوں کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں نوکریاں دینے کے مقدمہ میں کئی سال جیل کاٹنے والے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو حکومت مل گئی تو ہم ہر گھر کے فرد کو ملازمت دیں گے ۔ ہم نے اگر جیلیں کاٹی ہیں تو نوکریاں دینے کی پاداش میں کاٹی ہیں۔ دوبارہ حکومت ملی تو بھی عوام کو نوکریاں ہی دیں گے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میں بادوزئی فیملی کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ انہوں نے شاندار جلسہ کا اہتمام کیا ہے۔