سعید احمد:شہر میں منی ایکسچینج یونین کی اجارہ داری نے ڈالر کے حصول کو عام شہریوں کے لیے ناممکن بنا دیا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا ریٹ اگرچہ 285 روپے 15 پیسے مقرر ہے، تاہم ڈالر کی دستیابی نہ ہونے کے برابر ہے۔
مال روڈ پر قائم کئی منی ایکسچینج مالکان ڈالر کی فروخت کے لیے مختلف حیلے بہانے کرتے دکھائی دے رہے ہیں، جس کے باعث بیرون ملک سفر کرنے والے مسافر، طلبا اور تاجر برادری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
رپورٹس کے مطابق منی ایکسچینج مالکان شہریوں کو ڈالر کی فراہمی سے انکار کر رہے ہیں جبکہ بلیک مارکیٹ میں یہی ڈالر 290 سے 295 روپے میں فروخت کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافے کے بعد کرنسی مافیا ایک بار پھر سرگرم ہو چکا ہے۔ سفری دستاویزات مکمل ہونے کے باوجود بھی شہریوں کو ڈالر دستیاب نہیں، اور منی ایکسچینج مالکان صرف من پسند یا تعلق دار افراد کو ہی ڈالر فراہم کر رہے ہیں۔