ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عوامی حمایت سے مشکل اور درست فیصلے کئے، وزیر اعظم نے سیاست نہیں ریاست کو بچایا ہے۔
اپنے حلقہ این اے127 میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرعطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ایک ایک دن کو عوام کی امانت سمجھ کر گزارتے ہیں، وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ بجلی بلوں میں ریلیف دیں گے، آج وہ وعدہ پورا ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی ایک سال میں سنگل ڈیجٹ پر آگئی، یہ سب ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، صنعتیں چلیں گی تو بیروزگاری کم ہوگی، اس ملک کو عظیم بنانے کیلئے سب مل کر آگے بڑھ کر کام کرتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں مزید خوشخبریاں آئیں گی، ایک ایسا پاکستان بنائیں گے جس کا خواب ہمارے بزرگوں نے دیکھا تھا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ دنیا کے مالیاتی ادارے آج پاکستان کی تعریف کر رہے ہیں، سٹاک مارکیٹ بلندیوں کو چھو رہی ہے، تمام معاشی اشاریے عکاسی کرتے ہیں پاکستان اڑان بھر چکا ہے، پاک فوج کا قومی سلامتی کے ساتھ معاشی استحکام میں بھی اہم کردار ہے۔