( عابد چوہدری ) لاہور میں ڈکیتی چوری کے ساتھ ساتھ خواتین اور کم سن بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی، تیزاب گردی اور قتل کے واقعات خوفناک حد تک بڑھنے لگے ہیں۔
گزشتہ کچھ عرصے سے شہر سمیت صوبہ بھر میں خواتین، معصوم بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی کے جو افسوس ناک اور بہیمانہ واقعات رونما ہو رہے ہیں، ان کے تسلسل نے ہمارے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔
آج حوا کی ایک اور بیٹی درندگی کے بھینٹ چڑھ گئی۔ رائیونڈ کے علاقے جیا بگا کے قریب کھیتوں سے نامعلوم خاتون کی برہنہ لاش برآمد ہوئی۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ خاتون کو زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنا کرقتل کیا گیا اور پھر لاش کھیتوں میں پھینکی گئی۔
پولیس نے شناخت نہ ہونے پر 35 سالہ خاتون کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کردی ہے۔
واضح ہے چند روز قبل بھی رائیونڈ کے علاقہ دھوندے روڈ پر کھیتوں سے خاتون کی تشدد زدہ برہنہ لاش برآمد ہوئی تھی۔ پولیس نے ضروری کارروائی کیلئے مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا تھا۔