سٹی42: سیلاب سے متاثرہ عوام کے بجلی کے بل معاف کر دینے کا مطالبہ قومی مطالبہ بن گیا۔ اعلیٰ ترین سطح پر یہ معاملہ ڈسکس کیا جا رہا ہے کہ سیلاب سے متاثر عوام کے بجلی کے بل معاف کر دیئے جائیں۔
پاکستان کے سابق وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب زدہ عوام کے بجلی کے بل معاف کرنے کے معاملہ پر وزیراعظم شہباز شریف سے بات چیت کی ہے۔
مؤثق ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق وزیر خارجہ اور پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے قصور جا کر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عوام سے خود بات چیت کی۔ اس کے بعد انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو فون کیا اور ان سے درخواست کی کہ سیلاب سے متاثرہ عوام کے بجلی کے بل معاف کر دیئے جائیں۔
بلاول بھٹو نے قصور میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کے بعد وزیراعظم کو پنجاب کے کسانوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے پنجاب میں زراعت کے شعبے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا، وفاق کو پنجاب بھر کے کسانوں کی مدد کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز سے درخواست کی کہ آفت زدہ اضلاع کے کسانوں کے بجلی کے بل معاف کر دیئے جائیں۔
انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ کسانوں کی فوری مدد کیلئے کیلئے انہیں فوری طور پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رقوم ٹرانسفر کی جائیں۔
چئیرمین بلاول نے کہا، زرعی قرضوں کی ادائیگی آفت زدہ اضلاع کے کسانوں کیلئے بڑا مسئلہ ہے۔ کسانوں کا قرض معاف کیا جائے
چئیرمین بلاول بھٹو کی درخواست پر وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں یقین دلایا کہوفاقی حکومت کسانوں کی مدد اور بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کرےگی۔
بجلی کے بل چھ ماہ کیلئے معاف کریں، گورنر سلیم حیدر
آج ہی پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر نے بھی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں عوام کے حالات کا جائزہ لینے کے لئے جہلم، چکوال، حافظ آباد، راوی اور ننکانہ صاحب سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں جاری سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا، جہاں ہزاروں ایکڑ زرعی زمین پانی میں ڈوب چکی ہے، سیلاب کی تباہ کاریوں سے عوام کی قیمتی جانیں اور مال مویشی بھی متاثر ہوئے ہیں۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بتایا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کو پنجاب کی سیلابی صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔
گورنر سردار سلیم حیدر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے موجودہ مہینے اور آئندہ 6 ماہ کے بجلی کے بل معاف کئے جائیں اور زرعی زمینوں کے ٹیکس بھی معاف کر دیئے جائیں تاکہ سیلاب سے برباد ہو چکے کسانوں کو کچھ تو ریلیف ملے۔



