ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

گلوکارہ قرۃ العین بلوچ ریچھ کے حملے میں زخمی

گلوکارہ قرۃ العین بلوچ ریچھ کے حملے میں زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: معروف پاکستانی گلوکارہ قراۃ العین بلوچ، جو شوبز انڈسٹری میں کیو بی (QB) کے نام سے بھی جانی جاتی ہیں، دیوسائی نیشنل پارک میں جنگلی ریچھ کے حملے  سے زخمی ہو گئیں.

اطلاعات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب گلوکارہ اپنے دوستوں کے ہمراہ پارک میں کیمپنگ کر رہی تھیں۔ دورانِ کیمپنگ اچانک ایک جنگلی ریچھ ان کے قریب آیا اور حملہ آور ہوگیا۔ اس دوران قرۃ العین بلوچ کو شدید خوف کا سامنا کرنا پڑا اور وہ خود کو بچانے کی کوشش کرتی رہیں، تاہم ریچھ کے ناخن لگنے سے ان کے دونوں بازو زخمی ہوگئے۔

مقامی ذرائع کے مطابق حملے کے بعد وہاں موجود ساتھیوں نے فوری طور پر گلوکارہ کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا۔ انہیں پہلے ریجنل اسپتال اسکردو لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے فوری طور پر ان کے زخموں پر مرہم پٹی کی۔ ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ ریچھ کے ناخن بازوؤں پر لگے جس کی وجہ سے وہ زخمی ہوئیں لیکن خوش قسمتی سے زخم گہرے نہیں تھے۔

ڈاکٹروں کے مطابق ابتدائی طبی امداد کے بعد قرۃ العین بلوچ کی حالت تسلی بخش ہے اور اسی وجہ سے علاج کے بعد انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گلوکارہ کو کچھ دن آرام کرنے اور اپنی صحت کا خیال رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

دیوسائی نیشنل پارک کے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں ریچھوں کی موجودگی عام ہے اور اکثر سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ تاہم، ایسے واقعات سیاحوں کے لیے تشویش کا باعث بنتے ہیں۔

واضح رہے کہ قرۃ العین بلوچ پاکستان کی صفِ اول کی گلوکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور متعدد مشہور گیت گا چکی ہیں۔ ان پر حملے کی خبر سن کر ان کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور سوشل میڈیا پر مداح ان کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔