(ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان نے معاشرے میں زہر گھول دیا جبکہ نواز شریف عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے آرہے ہیں،ملکی ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں اپنے حلقے کے اندر کارکنوں سے خطاب کے دوران شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پارٹی قائد نواز شریف انتقام لینے کیلئے وطن واپس نہیں آئیں گے بلکہ ان کی آمد کا مقصد عوام کے زخموں پر مرہم رکھنا ہے، شہباز شریف نے کہا کہ 2013 میں نواز شریف 20،20 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے میں اس وقت کامیاب ہوئے جب بجلی نہیں تھی اور عوام بے روزگاری کا سامنا کر رہے تھے۔ ن لیگ نے 4سال میں لوڈ شیڈنگ بند کی،اللہ تعالیٰ کو منظور ہوا تو نواز شریف 21 اکتوبر کو لاہور پہنچیں گے اور ترقی کے سفر کا آغاز کریں گے جو رک گیا ہے، عوام اس روز نواز شریف کا تاریخی استقبال کریں اور بتائیں کہ ان کے ساتھ زیادتی ہوئی تھی۔
سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں مہنگائی نہیں تھی، 2018 میں جھرلو انتخابات اور دھاندلی کے نتیجے میں عوام ترقی و خوشحالی سے محروم ہوگئے، نواز شریف کو اقتدار سے ہٹانا عوامی ترقی و خوشحالی روکنا تھا۔