سٹی42: حکومت پنجاب نے صوبے میں گندم کی ممکنہ قلت کے خدشات کے پیشِ نظر اہم فیصلہ کرتے ہوئے فیڈ ملز میں گندم کے استعمال پر عائد پابندی میں 30 روز کی توسیع کر دی ہے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب کے حکمنامے کے مطابق ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144(6) کے تحت صوبے بھر میں فیڈ ملز کو گندم استعمال کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ گندم صرف فلور ملز میں آٹا بنانے کے لیے استعمال ہو سکے گی۔
محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق سوموار، یکم دسمبر تک برقرار رہے گا۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب کی فیڈ ملز کے پاس اس وقت 1 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد گندم کا ذخیرہ موجود ہے اور وہ اسے مرغیوں کے دانے میں استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی تھیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ گندم انسانوں کی بنیادی خوراک ہے اور اسے صرف آٹے کی تیاری میں استعمال ہونا چاہیے۔ عوام الناس کی آگہی کے لیے حکمنامے کی سرکاری گزٹ، اخبارات اور الیکٹرانک و سوشل میڈیا کے ذریعے بھرپور تشہیر کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔