حافظ شہباز علی: پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کی رپورٹ آنے کے بعد مستقبل کی حکمت عملی بنانے کا اعلان کردیا، سیکرٹری پی ایچ ایف نے آئندہ برس کے آغاز میں ملک میں بین الاقوامی ہاکی کی بحالی کی نوید بھی سنادی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اولمپک کوالیفائنگ راونڈ کے بعد مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنے کا عمل شروع کردیا، پی ایچ ایف نے ٹیم کے ہیڈ کوچ و منیجر خواجہ جنید سے اولمپک کوالیفائنگ راونڈ کی رپورٹ طلب کرلی۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو میں سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ کوچ خواجہ جنید آئندہ دو تین روز میں اپنی رپورٹ دے دیں گے جس کی روشنی میں مستقبل کی حکمت عملی بنائیں گے۔
سیکرٹری پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ 2022اور اولمپک 2024 کو مدنظر رکھتے ہوئے لانگ ٹرم حکمت عملی کے تحت غیرملکی کوچ کی تلاش کررہے ہیں۔ آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ آئندہ برس ملک میں غیرملکی ٹیمیں آئیں گی جبکہ جونئیر چیمئن شپ اور گول کیپنگ کیمپ کا آئندہ ایک دوروز میں اعلان کردیا جائے گا۔