سٹی 42 : وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی قطر کی وزارت داخلہ آمد پر قطر کے وزیر داخلہ خلفیہ بن حماد بن خلفیہ الثانی سے ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے علاقائی صورتحال پر قطر کے وزیر داخلہ کو بریف کیا، محسن نقوی نے پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں اپنے قطری ہم منصب کو پاکستان کے اصولی موقف سے آگاہ کیا، کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ جارحیت کی پالیسی کو مسترد کیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کو پہلگام واقعہ کی آزادانہ و غیر جانبدارانہ تحقیقات کی آفر کی ہے، دنیا کے سامنے واقعہ کی حقیقت آنی چاہیے کہ اس کا اصل ذمہ دار کون ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہاکہ پاکستان پر بے بنیاد اور غیر منطقی الزام لگانا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہماری عظیم قربانیوں کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔
ملاقات میں جرائم پیشہ مافیا اور سائبر کرائمز کے خلاف مشترکہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ محسن نقوی نے کہاکہ منشیات کی روک تھام کیلئے قطر کے ساتھ باہمی رابطے مزید مستحکم کریں گے۔ اس کے علاوہ دونوں نے پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کے لیے ٹریننگ کے ایکسچینج پروگرام پر اتفاق کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ قطر کے ساتھ ہر سطح پر مضبوط تعلقات چاہتے ہیں۔
قطر کے وزیر داخلہ نے پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لیے مزید اقدامات کی یقین دہانی کروائی، کہا کہ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔
ملاقات میں مختلف شعبوں میں اشتراک کار بڑھانے کے لئے فوکل پرسن مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
قطر کے وزیر مملکت داخلہ شیخ عبدالعزیز بن فیصل بن محمد الثانی ۔قطر میں پاکستان کے سفیر محمد عامر اور قطری وزارت داخلہ کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔