ویب ڈیسک: پاکستان شوبز انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار و ہدایت کار اورمعروف اسکرین رائٹر شمعون عباسی بھی رجب بٹ کے متنازع بیان کےبعد فہد مصطفیٰ کا دفاع کرنے میدان میں آگئے۔
ان دنوں ہر جانب سوشل میڈیا پر رجب بٹ اور فہد مصطفیٰ کے نام کے چرچے ہیں، یہ کہانی اس وقت شروع ہوئی جب فہد مصطفیٰ نے فیملی ولاگرز کو اپنا خاندان سوشل میڈیا پر بیچنے کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اداکار کے ان الفاظ کو سن کر جب رجب بٹ کے ہاتھ موقع لگا تو انہوں نے بھی اپنے انٹرویو میں پہلے تو ’کون فہد’ کہہ کر فہد مصطفیٰ کو ہی پہچاننے سے انکار کردیا اور پھر جیتو پاکستان کا حوالہ دے دیا۔
یوٹیوبر رجب بٹ کا کہنا تھا کہ انہیں فہد مصطفیٰ کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں ہیں لیکن وہ ایسے لوگوں کو عزت نہیں دے سکتے جو سینئر ہونے کے باوجود اپنے کام میں پیشہ ورانہ رویہ نہیں اپناتے۔ یوٹیوبر کا مزید کہنان تھا کہ وہ خود اپنے مواد پر کام کرتے ہیں اور دوسروں کے ذاتی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے، جب کہ شوبز کے بہت سے لوگ بھی دوسروں کے خاندانوں کا استعمال کر رہے ہیں۔
بس پھر کیا تھا فہد کے خلاف الفاظ ادا کرنے کی دیر تھی اداکار کے حمایتی اور انہیں دل سے چاہنے والے میدان میں کود پڑے ۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سینئر اداکار شمعون عباسی نے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے فہد مصطفیٰ کی تعریف کرتے ہوئے رجب بٹ کو میٹھے الفاظوں میں کھری کھری سنا دی۔
ویڈیو پیغام میں شمعون عباسی کا رجب بٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ،’ فہد مصطفیٰ ایک بڑا نام ہے اور وہ اپنے کیرئیر کے 20 سال سے زائد عرصے سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں۔ میں یہ کہنا چاہوں گا کہ اداکار اپنی محنت اور ہنر کے ذریعے ہر شعبے سے مداح بناتے ہیں۔ ایک اداکار صبح سویرے اپنے گھر سے کام، لوکیشنز اور ادائیگی کی تلاش میں نکلتا ہے۔ اداکار ایک مشکل اور سخت روٹین سے گزرتے ہیں اور خون پسینہ بہا کر اس مقام کو حاصل کرتے ہیں اور یہ سمجھنا آپ کے لیے مشکل ہوگا کہ وہ کیا کچھ جھیلتے ہیں۔’
شمعون عباسی کا مزید کہنا تھا کہ،’ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ آپ کم تر ہیں، لیکن جس انداز میں آپ تکبر سے بات کر رہے ہیں، وہ مناسب نہیں۔’
اداکار کا رجب بٹ کو بڑے بول بولنے سے گریز کرنے کی تلقین کرتے ہوئے مزید یہ بھی کہنا تھا کہ،’تمام ڈیجیٹل کریئیٹرز، جو یوٹیوب، ٹک ٹاک، اور انسٹاگرام پر کام کر رہے ہیں، وہ ان پلیٹ فارمز پر انحصار کرتے ہیں۔ خدا نہ کرے اگر یہ پلیٹ فارمز بند ہو جائیں تو آپ لوگ کیا کریں گے؟لیکن فہد مصطفیٰ تب بھی اپنے کام پر جائیں گے۔’
دوسری جانب فہد مصطفیٰ کی تعریف میں شمعون عباسی کے ان الفاظ کو سوشل میڈیا صارفین بے حد پسند کرتے نظر آرہے ہیں اور فہد مصطفیٰ کے حق میں آواز بلند کرنے پر شوبز شخصیات کو دعاؤں سے بھی نواز رہے ہیں۔