ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کے مختلف عدالتی کارروائیوں کا بذریعہ ویڈیو لنک حصہ بننے کے معاملے پر چیف جسٹس پاکستان کو خط تحریر کردیاگیا،خط وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری جنرل اسد عمر کی جانب سے تحریر کیاگیا۔
تفصیلات کےمطابق تحریک انصاف کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن میں کہاگیاہے کہ عمران خان پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور ملک کی سب سے بڑی جماعت کے سربراہ ہیں،عمران خان کو اقتدار سے سازش کے تحت ہٹانے کے بعد ان پر اور تحریک انصاف کی قیادت پر متعدد جھوٹے مقدمے درج کئے گئے۔
خط میں کہاگیاہے کہ عمران خان پر وزیر آباد میں قاتلانہ حملہ کیا گیا،جس کے نتیجے میں وہ بری طرح زخمی ہوئے،اطلاعات ہیں کہ عدالتوں میں دوبارہ پیشوں پر عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا جاسکتا ہے،ماضی میں پاکستان متعدد سیاسی لیڈران پر حملوں اور انکی شہادتوں کے مناظر دیکھ چکا ہے،خدشہ ہے کہ اگر مناسب سکیورٹی انتظامات نہ ہوئے تو عمران خان پر دوبارہ حملہ ہوسکتا ہے۔
خط کے متن میں مزید کہا گیاہے کہ عمران خان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں، ان کو مناسب سکیورٹی فراہم نہیں کی جارہی،اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی حالیہ پیشی پر عمران خان کیلئے مناسب سیکورٹی کے انتظامات نہ تھے،پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے کہاگیاہے کہ عمران خان کے خلاف مقدمات بنانے کا مقصد ان پر دوبارہ حملے کا ماحول بنانا ہے،استدعا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر عمران خان کو مختلف عدالتوں میں بذریعہ ویڈیو لنک پیش ہونے کی اجازت دی جائے۔