ارشاد قریشی ؛ پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے ناقص اور مضرِ صحت گوشت کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 1200 کلوگرام گوشت کی کھیپ پکڑ کر موقع پر تلف کر دی۔
ترجمان کے مطابق کارروائی موٹر وے ٹول پلازہ ٹھلیاں کے قریب ناکہ بندی کے دوران کی گئی، جہاں ایک گاڑی سے بڑی مقدار میں گوشت برآمد ہوا۔ گاڑی میں گوشت کو چھپا کر راولپنڈی سٹی ایریا منتقل کیا جا رہا تھا۔
فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق ویٹرنری ڈاکٹر نے موقع پر گوشت کا معائنہ کیا اور اسے انسانی استعمال کے لیے مضرِ صحت قرار دیا، جس کے بعد 1200 کلوگرام گوشت کو فوری طور پر تلف کر دیا گیا۔
کارروائی کے دوران گاڑی کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا، جبکہ فوڈ اتھارٹی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ایک شخص کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق یہ گوشت سرگودھا جھنگ روڈ کے علاقے سے راولپنڈی منتقل کیا جا رہا تھا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں ناقص اور غیر معیاری گوشت کی سپلائی کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔