( عرفان ملک، عابد چوہدری ) شہر کی گلیوں اور سڑکوں پر وارداتیں بڑھنے سے شہری خوف میں مبتلا، فیکٹری ایریا میں دو ڈاکوؤں کی گن پوائنٹ پر گھر کے باہر شہری سے لوٹ مار کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی، شہریوں نے کمال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنائی جبکہ گولیوں کا سامنا بھی کرتے رہے۔
گلستان کالونی قینچی امرسدھو میں شہری کے ساتھ ڈکیتی کی کوشش اس کے بھائی نے کمال بہادری کے ساتھ ناکام بنائی۔ مزاحمت پر ڈاکوؤں نے بے دریغ فائرنگ سے بھی اجتناب نہ کیا لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہ ہوا۔
فائرنگ کی گونج سے گلستان کالونی کے مکین بھی جاگ اٹھے،علاقہ مکینوں نے بھی واردات کے لئے آئے ڈاکوؤں کو دبوچنے کی کوشش کی۔ بزرگ شہری نے تن تنہا ڈاکووں کو روکنے کی کوشش کی تاہم ڈاکو علاقہ مکینوں پر فائرنگ کرتے ہوئے ساتھی سمیت فرار ہو گئے۔
دوسری جانب تھانہ لیاقت آباد سے چند قدم کے فاصلے پر واقع احمر سپر سٹور میں ڈاکو گن پوائنٹ پر لوٹ مار کرتے رہے۔ سٹی فورٹی ٹو کو موصول ہونے والی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماسک پہنے دو ڈاکو سٹور میں عملے اور خریداروں کو یرغمال بناکر لوٹ مار کرتے رہے اور لاکھوں کی رقم چھین کر فرار ہوگئےجبکہ ڈاکووں نے مزاحمت پر فائرنگ بھی کی۔
سٹور مالک شہزاد کا کہنا ہے کہ تھانے سے چند قدم کے فاصلے پر ڈاکو واردات کرنے کے بعد فرار ہوگئے مگر پولیس اطلاع کے باوجود تاخیر سے موقع پر پہنچی۔