حیدر علی:بر سوات کے علاقے تحصیل مٹہ کے گاؤں شکر درہ میں عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی) کے مقامی رہنما ممتاز علی خان کے گھر پر نامعلوم مسلح افراد نے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین ریسکیو 1122 اہلکاروں، ایک راہگیر اور ممتاز علی خان کے ایک قریبی رشتہ دار ابرار سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے شکر درہ میں اے این پی کے رہنما ممتاز علی خان کی رہائش گاہ کو نشانہ بناتے ہوئے خودکار ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کی، جس کی زد میں آ کر وہاں موجود افراد لہولہان ہو گئے۔ واقعے کے فوراً بعد تمام زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر (THQ) ہسپتال مٹہ (ذاکر خان شہید ہسپتال) منتقل کیا گیا جہاں انہیں ہنگامی طبی امداد دی گئی، تاہم زخمیوں میں سے ایک ریسکیو اہلکار اور ممتاز علی خان کے رشتہ دار ابرار خان کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں مزید علاج کے لیے سیدو شریف ہسپتال سوات ریفر کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب اس شدید فائرنگ کے واقعے کے بعد پورے شکر درہ اور مٹہ کے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جس پر پولیس کی بھاری نفری نے سیکیورٹی الرٹ کرتے ہوئے جائے وقوعہ پر پہنچ کر پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ واضح رہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ممتاز علی خان پر اس سے قبل بھی متعدد قاتلانہ حملے ہو چکے ہیں، پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کر کے مختلف پہلوؤں سے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا ہے.