طاہر جمیل: سہولت بازارز ہیڈ آفس میں ڈائریکٹر آپریشنز صدام حسین کی زیرِ صدارت اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاہور سمیت مختلف ریجنز کے ریجنل انچارجز اور سہولت بازاروں کے انچارجز نے شرکت کی۔ اجلاس میں سہولت بازاروں کی مجموعی کارکردگی، عوام کو ریلیف کی فراہمی، اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران ڈائریکٹر آپریشنز نے ناقص کارکردگی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مقررہ اہداف حاصل نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں ڈی جی خان کے سہولت بازار انچارج کو ناقص کارکردگی پر فوری طور پر معطل کر دیا گیا، جبکہ خانیوال، لودھراں اور وہاڑی کے سہولت بازار انچارجز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے گئے۔
صدام حسین نے واضح کیا کہ اگر متعلقہ افسران اپنی کارکردگی میں بہتری نہ لائے تو ان کے خلاف مزید سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے تمام ریجنل انچارجز کو فیلڈ مانیٹرنگ مزید مؤثر بنانے اور بازاروں کے روزمرہ انتظامی امور پر مسلسل نگرانی رکھنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ عوام کو معیاری اور سستی اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
ڈائریکٹر آپریشنز نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی دستیابی، معیار اور قیمتوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور صارفین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سہولت بازاروں میں صفائی، نظم و ضبط اور بہترین انتظامی نظام کو یقینی بنایا جائے، جبکہ غفلت اور لاپروائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
مزید برآں، اجلاس میں اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی اور ناقص کارکردگی کے حامل افسران کا سخت احتساب کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔