ملک اشرف : بسنت تعطیلات کے باوجود ہائیکورٹ،ماتحت عدالتوں میں معمول کے مطابق مقدمات کی سماعت ہوگی۔6 سے 7 فروری کو مقامی تعطیلات کے باوجود عدالتیں کھلی رہیں گی۔ وکلاء اور لاء افسران نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں 6 فروری کے مقدمات کی سماعت کے لیے کاز لسٹ جاری کر دی گئی ۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم سمیت 22 معزز ججز مختلف نوعیت کے مقدمات کی سماعت کریں گے۔کاز لسٹ کے مطابق جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس سید شہباز علی رضوی، جسٹس مسعود عابد نقوی، جسٹس شاہد کریم مقدمات سنیں گے۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی، جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس عاصم حفیظ، جسٹس محمد امجد رفیق مقدمات کی سماعت کریں گے۔ جسٹس محمد رضا قریشی، جسٹس خالد اسحاق اور جسٹس ملک محمد اویس خالد سمیت دیگر ججز بھی مقدمات سنیں گے۔لاء افسران کا کہنا ہے کہ جب تمام سرکاری محکموں میں چھٹی ہوگی تو افسران عدالتوں میں پیشی کے لیے کیسے آئیں گے۔ پولیس افسران کو بھی عدالتوں میں حاضری دینے میں شدید مشکلات کا سامنا ہوگا۔ وکلاء کے مطابق بسنت کے موقع پر ٹریفک، پابندیوں اور سیکیورٹی صورتحال کے باعث خاص طور پر موٹر سائیکلوں پر عدالت آنے والے وکلاء اور سائلین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔