اسامہ ملک: ڈیفنس کے علاقے میں معروف گلوکار و ٹی وی میزبان فخر عالم کے گھر میں ڈکیتی کی ابتدائی تحقیقات میں گھر کے چوکیدار، کنٹریکٹ ملازم اور دیگر 4افراد کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔
درخشاں پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور مدعی کی نشاندہی پر چوکیدار محمد لطیف اور کنٹریکٹ ملازم و الیکٹریشن محمد ضیاء کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق گھریلو ملازمین نے دیگر ڈاکووں کے ساتھ مل کر واردات کی تھی اور لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، گھڑیاں اور دیگر قیمتی سامان لوٹا تھا۔
مدعی مقدمہ نے بتایا کہ ملزمان نے لاکھوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی بھی چوری کی۔ پولیس نے گھر اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اور عینی شاہدین کے بیانات کی مدد سے کیس پر کام کرنا شروع کر دیا ہے۔
واردات میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی پولیس کی کوششیں جاری ہیں۔