سٹی 42: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اردن کے دارالحکومت عمان میں یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس کے موقع پر الجزائر کے وزیر خارجہ احمد عطاف سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور الجزائر کے تعلقات کا جائزہ لیتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر گفتگو کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے باقاعدہ رابطوں کو سراہتے ہوئے دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران مقبوضہ مشرقی یروشلم کی صورتحال، ایران سے متعلق حالیہ پیش رفت اور دیگر علاقائی و بین الاقوامی امور بھی زیر غور آئے۔ الجزائر کے وزیر خارجہ احمد عطاف نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔