سٹی 42: راولپنڈی میں شہری کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) حسن مشتاق سکھیرا نے تھانہ چکلالہ میں تعینات کانسٹیبل محسن ضیاء اور اس کے دو نجی ساتھیوں کو انکوائری میں الزامات ثابت ہونے پر گرفتار کروا دیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کو سی پی او آفس سے گرفتار کیا گیا، جبکہ ان کے خلاف اغوا اور بھتہ خوری کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے شکایت کنندہ کا مؤقف ہے کہ پولیس اہلکار اور اس کے دو ساتھیوں نے مقدمہ درج کرنے کی دھمکی دے کر اسے اغوا کیا اور رقم وصول کرنے کے بعد رہا کیا۔
سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے کہا کہ بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام پولیس افسران اور اہلکاروں کو اپنے کردار اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں انتہائی احتیاط برتنا ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی شہری کے ساتھ بدسلوکی، ظلم یا کرپشن کے معاملے پر راولپنڈی پولیس کی زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رہے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔