ملک اشرف :لاہور ہائیکورٹ کے لیے نامزد کیے گئے 10 ایڈیشنل ججز کی حلف برداری کی تقریب صدرِ مملکت کے دستخط نہ ہونے کے باعث تاحال تاخیر کا شکار ہے۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کی جانب سے نامزد ججز کی تقرری سے متعلق سمری 2 ہفتے قبل صدرِ مملکت کو بھجوائی گئی تھی، تاہم اس پر تاحال دستخط نہیں ہو سکے۔ دستخط کے بعد ہی نامزد ججز سے حلف لیا جا سکے گا اور وہ اپنے عہدوں کا باقاعدہ چارج سنبھال سکیں گے۔
نامزد ایڈیشنل ججز میں غلام سرور نہنگ، محمد اجمل خان زاہد، امیر عجم ملک، شیریں عمران، اسد علی باجوہ، محمد امجد پرویز، خالد بن عزیز، منور اقبال دوگل، سید فرہاد علی شاہ اور عثمان غنی راشد چیمہ شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدرِ مملکت کی منظوری موصول ہوتے ہی لاہور ہائیکورٹ میں حلف برداری کی تقریب منعقد کی جائے گی اور تمام نامزد ایڈیشنل ججز اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔