عرفان ملک: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)، انٹرپول اور سنگاپور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں پاکستان اور سنگاپور سمیت متعدد ممالک کو نشانہ بنانے والے بین الاقوامی سائبر گینگ کو بے نقاب کر دیا گیا۔
کارروائی کے دوران اسلام آباد سے عالمی سائبر نیٹ ورک کے دو اہم کارندوں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ملزمان کے قبضے سے اہم ڈیجیٹل شواہد بھی حاصل کیے گئے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان فشنگ سافٹ ویئر اور جدید سائبر ٹولز عالمی مجرم گروہوں کو فراہم کرتے تھے۔ مذکورہ سائبر گینگ جعلی شناختوں اور خفیہ مواصلاتی نظام کے ذریعے مختلف ممالک میں کارروائیاں کرتا رہا۔
تحقیقات کے مطابق ملزمان سنگاپور پولیس افسران کا روپ دھار کر شہریوں کو دھوکا دیتے اور مالی و ڈیجیٹل فراڈ میں ملوث تھے۔
یہ کامیاب انٹیلی جنس آپریشن ڈی جی این سی سی آئی اے سید خرم علی شاہ کی قیادت میں کیا گیا، جبکہ ڈائریکٹر پنجاب محمد علی وسیم کی نگرانی میں کارروائیاں کی گئیں۔ چھاپوں کے دوران اہم ڈیجیٹل مواد قبضے میں لے لیا گیا۔
سنگاپور پولیس نے این سی سی آئی اے کے بروقت تعاون اور انٹیلی جنس شیئرنگ کو سراہتے ہوئے مشترکہ کارروائی کو اہم پیش رفت قرار دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کارروائی پر این سی سی آئی اے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سائبر نیٹ ورک کا خاتمہ پاکستان کے سائبر جرائم کے خلاف مضبوط عزم کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نیٹ ورک کی تباہی سے عالمی سائبر سکیورٹی میں پاکستان کی ساکھ مزید مضبوط ہوئی ہے، جبکہ پاکستان نے بین الاقوامی سائبر کرائم کے خلاف تعاون میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔