راؤ دلشاد: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری سے سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سیکرٹری انفارمیشن پنجاب طاہر رضا ہمدانی، سماجی رہنما ذوالفقار حسین اور سید محسن بھی شریک تھے۔ فریقین نے پنجاب اور سری لنکا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں اشتراک کے امکانات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انسداد منشیات اور منشیات کے عادی افراد کے علاج و بحالی کے پروگرامز پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا منشیات فروشوں کے حوالے سے مؤقف بالکل واضح ہے اور صوبے کو منشیات سے پاک کرنا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں منشیات فروشوں کے لیے اب کوئی جگہ محفوظ نہیں رہی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے تدارک کے لیے خصوصی مہم بھی شروع کی گئی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔