ویب ڈیسک: جلد کو گورا کرنے والی کریمز کا استعمال بظاہر آسان حل لگتا ہے، لیکن ماہرین کے مطابق یہ عادت سنگین جلدی اور جسمانی مسائل کو جنم دے سکتی ہے، خاص طور پر جب غیر معیاری مصنوعات استعمال کی جائیں۔
اکثر سستی کریمز میں ہائیڈروکوئنون شامل ہوتا ہے، جس کا زیادہ استعمال جلد کو پتلا اور بے حد حساس بنا دیتا ہے۔ اسی طرح اسٹرائیڈز وقتی طور پر رنگت نکھارتے ہیں، مگر بعد میں جلد کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں اور مختلف مسائل کو جنم دیتے ہیں۔
مزید برآں، بعض کریمز میں مرکری بھی پایا جاتا ہے، جو نہ صرف جلد بلکہ گردوں اور اعصابی نظام کے لیے بھی انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
ان کریمز کے مسلسل استعمال سے جلد پر جلن، خارش، دانے، مستقل داغ دھبے، رنگت کی خرابی، جلد کا کمزور ہونا اور سورج کی روشنی سے غیر معمولی حساسیت جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ غیر محفوظ کیمیکلز کے استعمال سے بعض صورتوں میں جلد کا کینسر کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے، اس لیے کسی بھی کریم کے استعمال سے پہلے مستند ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔