سانحہ تیز گام، جوڈیشل کمیشن بنانے کیلئے درخواست دائر

سانحہ تیز گام، جوڈیشل کمیشن بنانے کیلئے درخواست دائر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( یاور ذوالفقار ) لاہور ہائیکورٹ میں رحیم یارخان میں ٹرین حادثے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کے لیے درخواست دائر کر دی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ میں یہ آئینی درخواست ایڈووکیٹ میاں آصف کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں وفاقی حکومت اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اکتیس اکتوبر کو رحیم یار خان میں ریلوے حادثے میں 75 افراد زندہ جل کر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔

 رواں سال محکمہ ریلوے کو 8 بڑے حادثے پیش آئے جس سے سینکڑوں افراد جان کی بازی ہار گئے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیرریلوے شیخ رشید حادثات کی روک تھام میں بہتری لانے میں ناکام ہو چکے ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید کی موجودگی میں رحیم یار خان ریلوے حادثے کی انکوائری شفاف نہیں ہو سکتی، عدالت ریلوے حادثوں کی شفاف انکوائری کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا حکم دے۔