ویب ڈیسک : عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی کراچی میں مویشی منڈیاں قائم کرنے کے لیے اجازت نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔
عیدالاضحیٰ کی آمد کے سلسلے میں کراچی شہر کے اندر جانوروں کی خرید و فروخت کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو شہر میں پانچ مقامات پر منڈیاں لگانے کی اجازت مل گئی ہے۔
کمشنر کراچی کی جانب سے بلدیہ عظمیٰ کو مویشی منڈیاں قائم کرنے کا اجازت نامہ مل گیا، جس کے مطابق اتوار بازار سیکٹر الیون ڈی نارتھ کراچی، کے ایم سی گراؤنڈ سفاری پارک میں مویشی منڈی قائم ہوگی۔اس کے علاوہ گلستان جوہر بلاک پانچ اور چھ جب کہ بکرا پیڑی لیاری اور کورنگی میں اٹک پٹرول پمپ کے اطراف پلاٹ پر مویشی منڈیاں قائم کی جائے گی۔
کمشنر کراچی نے شہر کے 21 مقامات پر مویشی منڈیاں قائم کرنے سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ جس کے مطابق ڈی سی آفس، بلدیہ عظمیٰ کراچی، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کو مویشی منڈیاں قائم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے 11 مقامات پر مویشی منڈیاں قائم کرنے سے متعلق کمشنر کراچی سے اجازت طلب کی تھی۔