سعید احمد: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے، جہاں مجموعی طور پر 7 ملکی و غیر ملکی پروازیں منسوخ جبکہ متعدد پروازیں کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور سے دبئی جانے والی ائیر بلیو کی پرواز پی اے -410 اور دبئی سے لاہور آنے والی پی اے-411 منسوخ کر دی گئی۔ اسی طرح دبئی سے لاہور آنے والی فلائے دوبئی کی پرواز ایف زی-359 اور لاہور سے دبئی جانے والی ایف زی-360 بھی متاثر ہوئیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ جدہ سے لاہور آنے والی سعودی عرب ایئر لائنز کی پرواز SV-732 اور لاہور سے جدہ جانے والی SV-733 بھی منسوخ کر دی گئیں۔ اسی طرح کراچی سے لاہور آنے والی فلائے جناح کی پرواز 9P-842 بھی آپریشن متاثر ہونے کے باعث نہ چل سکی۔
دوسری جانب شارجہ جانے والی فلائے دوبئی کی پرواز 9P-500 تقریباً 8 گھنٹے 15 منٹ تاخیر کا شکار رہی، جبکہ ائیر بلیو کی شارجہ جانے والی پرواز PA-412 ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی۔ اسی طرح بشکیک جانے والی پرواز KE-582 بھی ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار رہی۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق تاخیر اور منسوخی کی وجوہات آپریشنل اور تکنیکی مسائل ہیں، تاہم متاثرہ مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔