ایئرپورٹ (سعید احمد سعید) کورونا وائرس کے پیش نظر عمرہ زائرین پر پابندی 31 مارچ تک بڑھا دی گئی، سعودی ائیرلائنز نے31مارچ تک عمرہ زائرین اور وزٹ ویزے پر سفر کرنے پر پابندی کا سرکلر جاری کر دیا۔
سعودی ائیرلائنز کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق لاہور، ملتان، اسلام آباد، کراچی، پشاور ائیرپورٹ کے ائیرلائنز سٹیشن منیجرز کو آگاہ کر دیا گیا، سرکلر کے مطابق 31 مارچ تک عمرہ زائرین کی تمام ٹکٹیں منسوخ کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے گئے ہیں جبکہ مسافروں کو منسوخ شدہ ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کےلئے سعودی ائیرلائن سیلز سپورٹ سنٹر سے رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پابندی کا اطلاق عمرہ زائرین، وزٹ ویزہ ہولڈر مسافروں پر ہوگا جبکہ اقامہ ہولڈر اور بزنس ویزے پر مسافر سفر کرنے کے اہل ہونگے۔ ملک تمام ائیرپورٹس سے سعودی ائیر لائن سے عمرہ زائرین سفر نہیں کر سکیں گے۔
مسافروں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے محفوظ سفر کے لئے سعودی ائیرلائن ہیلپ سینٹرز سے رابطے میں رہیں۔اس سے قبل عمرہ زائرین پر 15مارچ تک پابندی لگائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ پھیپھڑوں کے شدید عارضے میں مبتلا کرنے والا وائرس جو چین سے شروع ہوا اب پوری دنیا میں پھیل رہا ہے،پاکستان میں کورونا وائرس کے دو کیسز بھی سامنے آئے ہیں، چین میں اب تک کورونا وائرس سے 78 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 2700 ہلاک ہوئے ہیں، کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔