قیصر کھوکھر: محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور عزاداری جلوسوں کی مؤثر سکیورٹی کے لیے خصوصی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔
گائیڈ لائنز کے مطابق محرم کے جلوسوں کو چار درجاتی سکیورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ ہر جلوس کے لیے الگ اور جامع سکیورٹی پلان مرتب کیا جائے گا۔ پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ جلوسوں کے روٹس اور حساس مقامات کی مکمل نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔
محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ محرم کے جلوسوں کے راستوں میں مورچے بنانے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ جلوس گزرنے کے دوران روٹس کے اطراف واقع عمارتوں کی چھتوں پر لوگوں کے جمع ہونے پر بھی پابندی ہوگی۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ پولیس کے ساتھ انتظامیہ کے تربیت یافتہ رضاکار بھی سکیورٹی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے عمل میں شامل ہوں گے تاکہ جلوسوں کے انعقاد کو محفوظ بنایا جا سکے۔
محکمہ داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی مشکوک فرد کو جلوس میں شامل نہ ہونے دیا جائے اور سکیورٹی کے تمام اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔