علی اکبر: زندہ دلان لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے جہان فانی سے کوچ کر جانے والوں کو بھی کورونا ویکسین لگا دی۔ ضلعی انتظامیہ نے تشہیری مہم کے دوران مرحوم قاضی واجد کو ویکسین لگوا دی، کمشنر لاہور نے نوٹس لیتے ہوئے فلیکس اتروادئیے جبکہ ڈی سی لاہور نے انسانی غلطی قرار دیتے ہوئے مرحوم کے لواحقین سے معذرت کرلی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر بھر میں معروف شخصیات کی تصاویر کو کورونا ویکسین لگوانے کی ترغیب کیلئے استعمال کیا جارہا ہے، لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے جہان فانی سے کوچ کر جانے والوں کو بھی کورونا ویکسین لگا دی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے سات روز قبل مرحوم واجد ضیاء کے 30 پورٹریٹ گلبرگ مین بلیوارڈ پر لگائے۔
اداکار قاضی واجد 2018میں انتقال کرگئے تھے لیکن تشہیری آگاہی فلیکس میں مرحوم کی تصویر آویزاں کردی گئی۔ معاملہ کی نشاندگی پر کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ عثمان نے نوٹس لیتے ہوئے فوری فلیکس اتروادئیے جبکہ ڈی سی مدثر ریاض نے مذکورہ معاملہ کو انسانی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تشہیری آگاہی مہم میں قاضی واجد کو ویکسین لگوانے کی تحریر وینڈر سے غلطی سے لکھی گئی، ڈی سی نے مرحوم کے لواحقین سے بھی معذرت کرلی۔