اسرار خان: لاہور میں ٹریفک حادثات کا سلسلہ تھم نہ سکا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 253 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے، جن میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 306 افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ہونے والے 93 افراد کو تشویشناک حالت میں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 213 معمولی زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ بیشتر ٹریفک حادثات تیز رفتاری، لاپرواہی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے باعث پیش آئے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اپنی اور دوسروں کی جان کے تحفظ کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں اور دورانِ ڈرائیونگ احتیاط کا مظاہرہ کریں۔