سعید احمد: مارکیٹ کمیٹی نے برائلر گوشت اور فارمی انڈوں کے نئے سرکاری نرخ جاری کر دیے، تاہم مختلف علاقوں میں اوورچارجنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
مارکیٹ کمیٹی کے مطابق برائلر گوشت کا سرکاری نرخ 417 روپے فی کلوگرام مقرر کیا گیا ہے، جبکہ برائلر زندہ مرغی کا تھوک ریٹ 274 روپے اور پرچون ریٹ 288 روپے فی کلوگرام جاری کیا گیا ہے۔
اس کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں برائلر گوشت سرکاری نرخ کے برعکس مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے۔ دکاندار "صاف گوشت" کے نام پر مرغی کا گوشت 550 روپے فی کلوگرام تک فروخت کر رہے ہیں، جس سے شہریوں کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا ہے۔
دوسری جانب فارمی انڈوں کی قیمت میں ایک روپے فی درجن اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد سرکاری نرخ 230 روپے فی درجن مقرر کر دیا گیا، جبکہ انڈوں کی ایک پیٹی کا تھوک ریٹ 6 ہزار 780 روپے جاری کیا گیا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور اوورچارجنگ میں ملوث دکانداروں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روزسرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 432 روپے فی کلوگرام مقرر تھی، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہی گوشت 25 سے 30 روپے اضافی قیمت پر فروخت کیا جا رہا تھا۔
مارکیٹ سروے کے مطابق پرچون دکانوں پر مرغی کا گوشت 432 روپے کے بجائے 470 روپے فی کلوگرام تک فروخت ہو رہا تھا ، جس سے شہریوں پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا تھا۔
اسی طرح فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 229 روپے فی درجن مقرر تھی، لیکن اوپن مارکیٹ میں ایک درجن انڈے 240 سے 245 روپے میں فروخت کیے جا رہےتھے۔