علی ساحی: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر منشیات فروشوں کےخلاف کاروائی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ماہ جون کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں 2136 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 2245 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 1697 کلو گرام خطرناک منشیات جیسے آئس ، ہیروئن، چرس اور بھنگ برآمد کی گئی۔ پولیس نے ملزمان سے 1506 کلوگرام چرس، 52 کلو گرام ہیروئن، 62 کلو گرام افیون، 04 کلوگرام آئس اور 73 کلوگرام بھنگ برآمد کی۔
لاہور پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف 817 مقدمات درج کرتے ہوئے 819 ملزمان کو گرفتار کیا۔لاہور پولیس نے 57 کلوگرام چرس ، 9 کلو سے زائد ہیروئین، تقریبا 03 کلو آئس اور 6284 لٹر شراب برآمد کی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے منشیات فروشوں، ڈیلرز اور اسمگلرز کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں، ہاسٹلز کے گردونواح میں روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز کئے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو نشے کی لعنت پر لگانے والے سفاک مجرمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ منشیات کی تیاری، خریدوفروخت اور استعمال کی سپلائی چین میں ملوث تمام عناصر کو بے نقاب کرکے گرفتار کیا جائے۔