ویب ڈیسک: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکا کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران دشمن کے سامنے ہرگز نہیں جھکے گا اور خدائی مدد و فضل سے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جائے گا۔
ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ احتجاج ایک جائز اور آئینی حق ہے، تاہم احتجاج اور ہنگامہ آرائی میں واضح فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والوں کے مطالبات کو سنا جانا چاہیے اور حکام کو ان سے بات چیت کرنی چاہیے۔
سپریم لیڈر نے کہا کہ ایرانی عوام کے معاشی مطالبات جائز ہیں اور صدر سمیت اعلیٰ حکام پابندیوں سے متاثرہ معیشت کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوامی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
آیت اللہ خامنہ ای نے واضح کیا کہ احتجاج عوام کا حق ہے، لیکن تشدد، ہنگامہ آرائی اور بدامنی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامہ آرائی میں ملوث عناصر سے قانون کے مطابق نمٹا جانا چاہیے تاکہ ملک میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔