ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزارت مذہبی امورکی عازمینِ حج کو بائیومیٹرک 8فروری تک مکمل کرنے کی ہدایت

وزارت مذہبی امورکی عازمینِ حج کو بائیومیٹرک 8فروری تک مکمل کرنے کی ہدایت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : وفاقی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے2026 کے حج عازمین کو ویزا پراسیسنگ کیلئے بائیو میٹرک  کا عمل ہر صورت 8 فروری تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان وزارت مذہبی امور نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ عازمین حج بائیو میٹرک کیلئے اپنے متعلقہ بینکوں کی مدد بھی لے سکتے ہیں، وہ عازمین جنہیں جدید ’سعودی ویزا بائیو‘ ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے رجسٹریشن یا انگلیوں کے نشانات کی تصدیق میں دشواری کا سامنا ہے ان کی سہولت کیلئے ملک بھر میں 6 تاشیر سینٹرز قائم کر دیے ہیں۔

 ترجمان وزارت مذہبی امور  نےبیان میں کہا کہ عازمین حج کی پہلی ترجیح ’سعودی ویزا بائیو‘ ایپ ہی ہونی چاہیے، موبائل پلے اسٹور سے یہ ایپ باآسانی ڈائون لوڈ کی جا سکتی ہے، اس پر اپنی ای میل کے ذریعے رجسٹریشن کے بعد پاسپورٹ اسکین، اپنی سیلفی اور پھر دونوں ہاتھوں کے فنگر پرنٹس لیں، اس کے ساتھ ہی کنفرمیشن ایک میل موصول ہوگی جسے عازمین حج باقی پراسیس کیلیے اپنے پاس محفوظ رکھیں، اگر عازمین کو خود ایپ استعمال کرنے میں مشکل پیش آ رہی ہے تو وہ اپنی متعلقہ بینک برانچ سے بھی مدد لے سکتے ہیں۔

ترجمان وزارت نے واضح کیا کہ بائیو میٹرک کی تصدیق کے بغیر حج ویزا لگنا ممکن نہیں ہوگا، ایپ کے ذریعے تصدیق نہ ہونے کی صورت میں عازمین حج ملک بھر میں قائم 6 تاشیر سینٹرز سے رجوع کر سکتے ہیں جو یہ ہیں:

اسلام آباد میں تیسری منزل، عوامی ٹریڈ سینٹر، جی نائن (G-9) مرکز
لاہور میں دی انٹرپرائز بلڈنگ، 1 کلومیٹر ٹھوکر نیاز بیگ، ملتان روڈ
کراچی میں بلاک اے، گرائونڈ فلور، ایف ٹی سی بلڈنگ، شاہراہ فیصل
پشاور میں تیسری منزل، الحاج ٹاور، مین یونیورسٹی روڈ
ملتان میں دوسری منزل، کرسٹل مال، نزد عثمان آباد کالونی، بوسن روڈ
کوئٹہ میں میمار پلازہ، خوجک روڈ، کوئٹہ کینٹ

وزارت نے عازمین کی آسانی کیلئے تاشیر سینٹرز کے اوقات کار پیر تا جمعہ، دوپہر 1 بجے سے شام 5 بجے تک مقرر کیے ہیں۔ عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کیلئے 8 فروری کی ڈیڈ لائن سے قبل اپنے قریبی سینٹر پہنچ کر عمل مکمل کریں۔