ویب ڈیسک :وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کلب شیخوپورہ کے عہدیداران سے ملاقات کی، جس میں حکومتِ پنجاب کی میڈیا پالیسی، جاری اصلاحات اور صحافیوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، بسنت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بسنت کے لیے سامان جلد سستا کیا جائے گا، سب لوگ خوشی خوشی بسنت منائیں گے اور اپنی ذمہ داری کے ساتھ تہوار کو تہوار سمجھ کر منائیں۔
ملاقات کے دوران عظمیٰ بخاری نے کہا کہ صحافیوں کا تحفظ اور فلاح حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے، انہوں نے آزاد، ذمہ دار اور مضبوط میڈیا کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت صحافتی اداروں کو جدید سہولیات فراہم کر رہی ہے تاکہ میڈیا اپنے فرائض بہتر انداز میں سرانجام دے سکے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پریس کلبز جمہوریت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ صحافیوں کی تجاویز کو پالیسی سازی میں شامل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے صحافیوں کے لیے فلاحی اقدامات کو مزید بہتر بنانے کا بھی اعلان کیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے کی عوام کے لیے بہترین اقدامات کر رہی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر اس بار ایس او پیز کے مطابق بسنت منائی گئی تو آئندہ سال پورے پنجاب میں بسنت منائی جائے گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بسنت کو انجوائے کرنے کے لیے پورے ملک سے عوام لاہور آ رہی ہے، لوگ خوشیوں کا تہوار منائیں، جبکہ پی ٹی آئی کے مقدر میں سیاہی اور سیاہ راتوں کے سوا کچھ نہیں۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں صحافیوں نے وزیر اطلاعات کی یقین دہانیوں کو سراہا۔