سعودی عرب؛ ورلڈ ڈیفنس شو کا آغاز، پاکستانی سٹال توجہ کا مرکز بن گئے

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: سعودی عرب میں پانچ روزہ ورلڈ ڈیفنس شو کا آغاز ہوگیا ہے، جس میں دنیا بھر سے اسلحہ ساز کمپنیوں کی جانب سے سٹال لگائے گئے ہیں، جن میں بارہ پاکستانی اسلحہ ساز کمپنیوں کی جانب سے بھی سٹال لگائے گئے ہیں جو کہ دنیا بھر کے لوگوں کی توجہ کا خاص مرکز ہیں۔ 

سعودی دارالحکومت ریاض میں ورلڈ ڈیفنس شو میں پاکستانی پویلین کا افتتاح چیرمین چیف جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کیا اور کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور جو خطرات پاکستان کو لاحق ہیں ہم ان سے آگاہ ہیں اور جیسے جیسے خطرات بڑھ رہے ہیں ہماری دفاعی پوزیشن بھی ساتھ ساتھ مضبوط اور مستحکم ہو رہی ہے اور ہماری دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے پاکستان ایک پرامن ملک ہے تاہم ہم دنیا کو بھی بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان اپنی دفاعی ضروریات کو پیچھے نہیں رکھ سکتا۔ 

ورلڈ ڈیفنس شو میں بارہ پاکستانی اسلحہ ساز کمپنیوں کی جانب سے سٹال لگائے گئے ہیں، جن میں گلوبل انڈسٹریل اینڈ دیفنس سلوشن سمیت پاکستان آرڈیننس فیکٹری اور دیگر اہم کمپنیوں کی جانب سے سٹال نمایاں ہیں جو غیر ملکی افراد کی توجہ کا خاص مرکز ہیں، پاکستانی کمپنیوں کی جانب سے ڈرون ٹیکنالوجی سمیت میزائل سسٹم اور دیگر اسلحہ نمائش کے لئے پیش کیا گیا ہے۔

ورلڈ ڈیفنس شو میں مجموعی طور پر 45 مختلف ممالک کی 750 اسلحہ ساز کمپنیوں کی جانب سے سٹال لگائے گئے ہیں نمائش کو دیکھنے ہزاروں افراد شرکت کر رہے ہیں۔ 

نمائش میں جہاں سعودی روایتی رقص پیش کیا جا رہا ہے وہیں سعودی وومن آرمی کا دستہ بھی اپنی صلاحیتوں کو اجاگر رہا ہے، اس کے علاوہ سعودی فالکن کی جانب سے ائیر شو بھی پیش کیا گیا جس نے آسمان کو قوس وقزع کے رنگوں سے بھر دیا۔ 

واضح رہے کہ نمائش کے آخری دو روز پاکستانی تھنڈر طیاروں کی جانب سے بھی ائیر شو پیش کیا جائے گا۔