سٹی42: پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ شیر نہیں بلی ہے ، ہم اس بلی کا بندوبست کریں گے ۔یہ مجھ سے مباحثے کے لیے تیار نہیں ۔ یہ شخص عوام سے اتنا خوفزدہ ہے کہ دھاندلی کا مطالبہ کررہا ہے۔
یہ چاہتے ہیں ان کیلئے بانی پی ٹی آئی والی دھاندلی ہو۔ یہ اپنے سہولت کاروں کو دھاندلی کرنے کا کہہ رہے ہیں۔دھاندلی کی کوشش ہوتو انہیں وہیں روک دینا۔رزلٹ ملنے تک پولنگ اسٹیشن پر رہیں گے۔مینڈیٹ پر ڈاکاڈالا تو الیکشن کمیشن سے نتائج چھین لیں گے۔
میرپور خاص میں عوام کے جمِ غفیر سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا، میرے کارکنوں کو آنچ بھی آئی تو اپنے ہاتھوں سے حساب لوں گا ۔ایک شخص وزیراعظم بننا چاہتا ہے ، اسے چوتھی بار وزیراعظم بننا ہے چاہئے معیشت تباہ ہوجائے، چاہے ملک کو جتنا بھی نقصان ہو ،وہ چاہتے ہٰں کہ فارم 45 رائے ونڈ پہنچ جائیں ۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے جیالے"ممی ڈیڈ ی والے" نہیں ہیں۔ پیپلزپارٹی کے جیالے ضیا آمریت کے وقت سے آمریت اور جبر کا مقابلہ کرتے آرہے ہیں،چوتھی بار وزیراعظم بننے کا خواہشمند بزدل اور خوف زدہ ہے۔ وہ جانتا ہے پورا جنوبی پنجاب ان کے ہاتھ سے نکل جارہاہے۔ پورا ٹبر جانتا ہے لاہور ان کے ہاتھ سے نکل چکا ہے۔آج آسمان سے پانی کی بارش ہورہی ہے 8 فروری کو عوام کی طرف سے تیروں کی بارش ہوگی۔آٹھ فروری کو ان سب کو شکست دیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا، ایک طرف پیپلزپارٹی ہے، دوسری طرف تمام سیاسی جماعتیں ہیں۔عوام کو مذہب، لسانیت اور فرقہ واریت میں تقسیم کیاجارہا ہے۔ پاکستان کے شہری نفرت اور تقسیم کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں ۔ تین بارحکومت میں آنے کے باوجود سندھ میں ٹکے کا کام نہ کیا۔ ہم غربت ، مہنگائی اور بے روز گاری کا مقابلہ کررہے ہیں۔ ہمارا مقابلہ کسی سیاستی جماعت سے نہیں ۔ہمارا مقابلہ مہنگائی ، غربت اور بے روزگاری سے ہے ۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ میں عوامی منشور لے کر ملک بھرمیں پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم چلارہاہوں۔ سردی اور بارش میں جلسہ میں آنے پر شرکا کوسلام پیش کرتاہوں۔ میں کے پی ، پنجاب اور بلوچستان کے دورے کئے ہیں ۔ آج پہلی بار ووٹ مانگنے میر پور خاص آیا ہوں ۔میر پور خاص کے عوام بے نظیر بھٹو کے ساتھ ہیں۔ یہ وہی میرپورخاص ہے جس نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کا ساتھ دیا۔ میرپورخاص نے نہتی لڑکی بے نظیربھٹو شہید کا ساتھ دیا۔ باقی جماعتیں سیاست نہیں ، ذاتی انتقام لے رہی ہیں۔باقی جماعیں نفرت کی سیاست کررہی ہیں ۔ ہمیں اس نفرت کی سیاست سے نکلنا ہے۔
میرپور خاص جلسہ کے بعد بلاول بھٹو کی ایکس میں پوسٹ
میرپور خاص کے لوگوں کے سمندر کا خصوصی شکریہ جنہوں نے مہنگائی، بے روزگاری، اور غربت کے خلاف میری جدوجہد میں میرا ساتھ دینے کے لیے گھنٹوں سردی اور بارش کا مقابلہ کیا۔ ہم ساتھ مل کر ہاریوں کو مالی طور پر بااختیار بنائیں گے، ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مزدوروں اور ورکرز کو ان کا حق ملے، اور ہم نوجوانوں کو بے روزگاری میں مدد فراہم کریں گے۔ پاکستان کے لیے ایک نئے، بہتر مستقبل کا راستہ سامنے ہے۔ 8 فروری کو تیر کا انتخاب کریں، اور ایک پرامن، ترقی پسند، اور خوشحال پاکستان کے راستے کا انتخاب کریں۔
A special thank you to the sea of people in Mirpur Khas who braved hours of the cold and pouring rain to join me in my struggle against inflation, unemployment, and poverty. Together we will financially empower Haaris, we will ensure labourers and workers get their due, and we… pic.twitter.com/Py0ycV63PO
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) February 3, 2024