( توقیر اکرم ) پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کی پریس کانفرنس، انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کا لہجہ افسوس ناک ہے، حکومت کی ناقص پالیسیاں معیشت کو تباہ کررہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے پیپلز پارٹی سیکٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے پیپلز پارٹی کی جدوجہد ہمیشہ سے اول رہی ہے۔ کشمیر ڈے پر ملک بھر سے پیپلز پارٹی ریلیاں نکالے گی۔ پریس کانفرنس میں قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ شیخ رشید جس طرح کی زبان استعمال کررہے ہیں یہ افسوس ناک ہے، جبکہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے معیشت تباہ ہوتی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے جس طرح سے تاجروں کو تنگ کررہی ہے اور چھاپے مار کر خوف پیدا کررہی ہے یہ نہ قابل قبول ہے، جبکہ سانحہ ساہیوال پر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ وزیراعظم کو چاہیئے تھا کہ وہ ساہیوال کے لواحقین سے ملتے مگر انہوں نے ملنا پسند نہیں کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔