مولانافضل الرحمان کی نوازشریف سےملاقات، آئندہ عام انتخابات پر تبادلہ خیال

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

راؤ دلشاد : جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانافضل الرحمان قائد مسلم لیگ (ن) نوازشریف سےملاقات کے لیے لیگی مرکزی سیکرٹریٹ پہنچ گئے۔ 

تفصیلات کے مطابق نواز شریف نے مولانا فضل الرحمن اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا استقبال کیا۔ جے یو آئی کے وفد میں محمد اسلم غوری، مولانا محمد امجد خان ، مولانا محمود میاں ،انجینئر ضیاء الرحمان ، حافظ نصیر احمد احرار اور حافظ غضنفر عزیز شامل تھے۔ اس کے علاوہ ن لیگی وفد میں مریم نواز، شہبازشریف ، اسحاق ڈار ، رانا ثنااللہ، سردار ایاز صادق، سعد رفیق و دیگر شامل تھے۔ 

ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں جماعتوں کے مابین وفود کی سطح پر تفصیلی مذاکرات ہوئے۔ خواجہ سعد رفیق نے سندھ میں ایم کیو ایم کے ساتھ ہونے والے سیاسی مذاکرات بارے اجلاس کو بریفنگ دی۔ 
دونوں جماعتوں نے ایم کیو ایم کے مجوزہ ملک گیر بلدیاتی نظام پر تفصیلی مشاورت کی، دونوں جماعتوں نے ایم کیو ایم کے مجوزہ بلدیاتی نظام پر مکمل اتفاق رائے کیا۔ اس کے علاوہ  آئندہ پارلیمان میں اس بلدیاتی نظام بارے آئینی ترمیم لانے پر اتفاق ہوا۔ نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے مابین طے پائے جانے والے انتخابی معاہدے پر اعتماد میں لیا۔ دونوں جماعتوں کا سندھ میں ایم کیو ایم اور دیگر ہم خیال جماعتوں سے مل کر انتخابی اتحاد بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔ سندھ میں تینوں جماعتیں دیگر اتحادیوں سے مل کر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر کے انتخابی میدان میں اتریں گی۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں امیدواروں کا فیصلہ لیگی صوبائی صدر بشیر میمن، جمعیت کے سیکرٹری راشد سومرو اور ایم کیو ایم کے نامزد رہنما کریں گے۔ اس کے علاوہ  بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) میں مکمل سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق ہوا، دونوں صوبوں میں ہر قومی و صوبائی نشستوں پر امیدواروں باہمی اتفاق رائے سے اتارنے کا فیصلہ کیاگیا۔ جس نشست پر جس پارٹی کا امیدوار مضبوط ہو گا، اسی کی نامزدگی کی جائے گی، کسی اتفاق رائے پر نہ پہنچا جا سکا تو ایک جماعت کا امیدوار قومی اور دوسری کا صوبائی نشست پر نامزد کیا جائے گا۔ دونوں جماعتوں کا آئندہ انتخابات کے بعد مل کر حکومت بنانے اور تمام امور پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق ہوا۔ ملاقات میں دونوں جماعتوں کا مشترکہ صدارتی امیدوار لائے جانے پر بھی مشاورت ہوئی۔ نواز شریف نےصدارتی امیدوار کے معاملے پر آئندہ پارلیمان کے وجود میں آنے کے بعد فیصلہ کرنے کا عندیہ دیا۔ 

 ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان ماڈل ٹاؤن سے واپس روانہ ہوگئے۔ قائدمسلم لیگ (ن)میاں نواز شریف، سابق وزیر اعظم شہباز شریف، مریم نواز شریف بھی مرکزی سیکرٹریٹ سے جاتی عمرہ روانہ ہوگئے۔