اویس کیانی :وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس بیورو کا دورہ کیا اور اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں یومِ پولیس شہداء کے موقع پر ملک بھر کے پولیس شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملک میں امن کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء ہمارے سروں کے تاج ہیں اور ان کا احسان کبھی نہیں چکایا جا سکتا، جبکہ حکومت شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمیشہ کھڑی رہے گی۔
اجلاس میں ملک بھر کے لیے یکساں پولیس کریکٹر/پولیس کلیرنس سرٹیفیکیٹ کے نظام کی اصولی منظوری دی گئی، وزیر داخلہ نے بتایا کہ اب نیشنل پولیس بیورو کے ذریعے پولیس کلیرنس سرٹیفیکیٹ جاری کیا جائے گا اور اس کے حصول کے پیچیدہ عمل کو تیز اور مکمل طور پر آن لائن بنایا جا رہا ہے تاکہ شہری گھر بیٹھے نیشنل پولیس بیورو کے پورٹل کے ذریعے یہ سہولت حاصل کر سکیں۔
محسن نقوی نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کے لیے بھی ملک گیر یکساں نظام وضع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کلیرنس سرٹیفیکیٹ اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کے یکساں نظام سے بیرون ملک سفر کرنے والے شہریوں کو سہولت ملے گی۔
وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ نیشنل پولیس بیورو کو ایک فعال اور متحرک ادارہ بنانا حکومت کی ترجیح ہے، بعد ازاں انہوں نے نیشنل پولیس بیورو کی عمارت کی تزئین و آرائش کا معائنہ بھی کیا، جبکہ ڈی جی نیشنل پولیس بیورو نے انہیں ادارے کی کارکردگی اور منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔