سٹی 42 : سندھ حکومت کی جانب سے ماہانہ 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے گھریلو صارفین کے لیے مفت سولر سسٹم فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
کم آمدنی والے خاندانوں کو بجلی کے بھاری بلوں سے نجات دلانے کے لیے یہ اقدام سندھ انرجی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے متعارف کرایا گیا ہے۔ اسکیم کے تحت اہل گھرانے 20 اگست 2025 تک مفت سولر پینلز کے حصول کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس حوا لے سے سرکاری ذرائع نے بتایا صوبے بھر سے اب تک 1 لاکھ 23 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
حکام کے مطابق اگر درخواست دہندگان کی تعداد دستیاب کوٹے سے تجاوز کر گئی تو مستفید ہونے والوں کا انتخاب شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔
محکمہ توانائی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام صوبائی حکومت کی اس وسیع پالیسی کا حصہ ہے جس کا مقصد قومی گرڈ پر انحصار کم کرنا، توانائی کے اخراجات میں کمی لانا اور قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔
متعلقہ معیار پر پورا اُترنے والے شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل اپنی درخواستیں جمع کرا کے اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں ۔