پی ٹی آئی نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے نامزد کردیا

Sardar Abdul Qauom Niazi
کیپشن: Sardar Abdul Qauom Niazi
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے نامزد کردیا۔

پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے سردار عبدالقیوم نیازی کو نامزد کر دیا ہے جس کی تصدیق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کر دی ہے، وزیراعظم کی تقرری کے لیے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں ووٹنگ آج ہو گی،  تحریک انصاف 32اراکین کے ساتھ ایوان میں سرفہرست ہے اور وزیراعظم کے انتخاب کے لئے 27ارکان پرمشتمل سادہ اکثریت درکار ہے، تین مزید نشستوں پر کامیابی کی بعد پی ٹی آئی 32 نشستوں کی واضح اکثریت حاصل کرکے حکومت سازی کرنے جارہی ہے۔53 رکنی ایوان میں پی ٹی آئی کی 32، پیپلز پارٹی کی 12 اور مسلم لیگ ن کی 7 نشستیں ہیں جب کہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کے پاس ایک ایک نشست موجود ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے  5 امیدواروں کے انٹرویوز لیے تھے جن میں سردار تنویر الیاس، بیرسٹر سلطان محمود، خواجہ فاروق، اظہر صادق اور عبدالقیوم نیازی شامل تھے۔ پہلے پہل عبدالقیوم نیازی وزیراعظم آزاد کشمیر کے عہدے کی دوڑ میں شامل نہیں تھے لیکن پھر ان کا نام اچانک سامنے آیا تھا۔

واضح رہےکہ سردار عبدالقیوم نیازی مسلم کانفرنس چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے، سردار عبدالقیوم نیازی نے 25 جولائی کو ہونے والے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں حلقہ ایل اے 18 پونچھ ون سے کامیابی حاصل کی تھی۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون نے مشترکہ طور پر چوہدری لطیف اکبر کو آزاد کشمیر کے وزیرِ اعظم کے لیے امیدوار نامزد کیا ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer