ویب ڈیسک: گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ سمیت عثمان بزدار اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما میاں محمود الرشید کو اسلام آباد بلا لیا گیا، پنجاب اسمبلی توڑے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار کے ساتھ میاں محمود الرشید کو بھی اسلام آباد پہنچنےکی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے ان سیاسی رہنماؤں کی ملاقات میں پنجاب کے سیاسی بحران سے نمٹنے کیلئے مختلف آپشنز زیر غور آنا متوقع ہیں، عثمان بزدار اور میاں محمود الرشید وزیراعظم کو پنجاب میں نمبر گیم پر بریف کریں گے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی توڑے جانے کا امکان ہے، عثمان بزدار کو گورنر پنجاب بطور نگراں وزیراعلیٰ فرائض کا کہہ سکتے ہیں۔ وزیراعظم سے گورنر پنجاب آئندہ لائحہ عمل سےمتعلق رہنمائی لیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا تھا جس کے بعد حکومت کی جانب سے عمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر پنجاب مقرر کیا گیا ۔