مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی سپر ہٹ فلمیں۔۔۔(سلیم بخاری)

Amir Khan and Salim Bokhari
کیپشن: Amir Khan
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(پہلی قسط  )                                                                                                                                                                                     عامر خان

ایک سپر سٹار، ایک تخلیق کار

بالی وڈ اسٹارعامر خان ان دنوں اپنی نئی فلم ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ کی شوٹنگ کی میں مصروف ہیں۔ یہ فلم سال 1994 میں آئی ٹام ہینکس کی ہٹ فلم فارسٹ کیمپ کا ہندی ری میک ہے۔ بھارت نے کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے فلموں کی شوٹنگ پر پابندی عائد کردی ہے لہذا فلم کی بقیہ شوٹنگ ترکی میں مکمل کی جائے گی۔ مارچ میں کورونا کے آغازکے بعد لال سنگھ چڈھا کی بھارتی پنجاب میں شوٹنگ متاثر ہوئی تھی جسے اب تقریبا 5 ماہ کے بعد دوبارہ شروع کیا جارہا ہے۔

اب ذرا عامر خان کی بہترین فلموں کاجائزہ لے لیتے ہیں۔ یہ بھی دیکھتے ہیں کہ فلم بزنس کے اعتبار سے کہاں کھڑی ہے اور باکس آفس پر اس کی کیا درجہ بندی ہے؟

1-’’تھری ایڈیٹس“اس فہرست میں پہلے نمبرپر ہے جو 2009ء میں ریلیزہوئی تھی،یہ فلم دو دوستوں کی کہانی ہے جو اپنے تیسرے ساتھی(عامر خان) کے متلاشی ہوتے ہیں جس نے ان کی سوچوں کے دھارے میں انقلابی تبدیلی لاکر ان کی زندگی کے بارے میں روش بدل دی۔وہ اپنے کالج جاکروہاں پرانی یادیں تازہ کرتے ہیں،اس فلم میں عامر خان کے ساتھی اداکاروں میں کرینہ کپور‘مدھون‘ مونا سنگھ اور شرمن جوشی شامل تھے،راجکمار ہیرانی(Rajkumar Hirani) اس کے ہدایتکارتھے،فلم کی آمدنی 6.53 ملین ڈالر تھی اوراسے بالی وُڈ کی سب سے زیادہ رقم کمانے والی فلم قرار دیا گیا تھا۔

کمرشل بنیادوں پرکامیابی کے ساتھ ساتھ ناقدین نے بھی اسے بہت سراہا تھا،اس فلم نے6 فلم فیئر ایوارڈز اپنے نام کئے جن میں بہترین فلم کا ایوارڈ بھی شامل تھا۔تین نیشنل فلم ایوارڈ بھی اس نے اپنے نام کئے،جاپان کے اکیڈمی ایوارڈ کے لئے بھی اسے نامزد کیا گیاتھا۔،جاپان ویڈیو یاسن ایوارڈز نے گرینڈ پرائز سے بھی نوازا،بعد میں یہ فلم تامل زبان میں بھی بنی جس میں لیڈرول وجے نے کیاتھا،فلم کا نام بھی تبدیل کرکے ”نان بان“ رکھ دیا گیاتھا۔

2- 2001ء میں آئی فلم ”لگان“جس کا پورا نام (ONCE UPON A TIME IN INDIA)تھا۔یہ فلم ملکہ وکٹوریا کے زمانے میں ایک گاؤں کی کہانی ہوتی ہے جس کے باسی تاج برطانیہ کی جانب سے لگائے گئے”لگان“سے نجات کے لئے کرکٹ کا سہارا لیتے ہیں،اس فلم کے ڈائریکٹر آشوتوش گواریکر (Ashutosh Gowariker)تھے،عامرخان کے ساتھی اداکاروں میں رنگو ویریادیو‘ گریسی سنگھ اور راکل شیلے(Rachel shelley)شامل تھے۔ یہ فلم جہاں عوام الناس میں پسندکی گئی تووہاں ناقدین نے بھی اسے پذیرائی بخشی اور کئی انٹرنیشنل فلم فیسٹیولز میں اسے ایوارڈز سے نوازا گیا،کئی قومی ایوارڈز بھی اس کے حصّے میں آئے تھے۔”لگان“ اکیڈمی ایوارڈز(آسکر) کے لئے نامزد ہونے والی تیسری بھارتی فلم تھی،اس سے پہلے1957ء میں ”مدرانڈیا“اور1988ء میں ”سلام بمبئی“کو یہ اعزاز حاصل ہوا تھا۔”لگان“2001ء میں باکس آفس پر سب سے زیادہ ہٹ فلم بھی قرار پائی تھی۔

3-”رنگ دے بسنتی“2006ء میں بنی جس کی کہانی کچھ یوں ہے کہ چھ بھارتی نوجوان ایک ڈاکیومنٹری بنانے کے لئے برطانوی خاتون  کے سہولت کار بنتے ہیں جو انتہا پسند فریڈم فائٹرز کے ماضی کے حوالے سے ہوتی ہے جنہیں بعد میں ہونیوالے واقعات سے دوبارہ آزادی کا ماحول میسر آتا ہے۔ فلم کا مرکزی خیال برطانوی راج کے خلاف 1857ء کی جنگ آزادی ہے، راکیش اوم پرکاش مہرہ(Rakesh Omprakash Mehra)اس فلم کے ڈائریکٹر تھے،اداکاروں میں عامر خان کے ساتھ سوہا علی خان‘سدھارتھ اور شرمن جوشی شامل تھے۔ فلم نے 2020 ملین ڈالر کا بزنس کیا،مکالموں اور سکرین پلے کی بہت تعریف کی گئی،متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیاجن میں فلم فیئر ایوارڈ برائے بہترین فلم بھی شامل تھا۔

4-”دنگل“2016ء میں ریلیز ہوئی جس کی کہانی ریسلر مہاویر سنگھ فوگٹ اور اس کی دو ریسلر بیٹیوں کے گرد گھومتی ہے جو معاشرے کی تمام تر پابندیوں اور روایتوں سے ہٹ کر کامن ویلتھ گیمز میں جیتنے کی جدوجہد کرتی ہیں،اس فلم کے ڈائریکٹر نتیش تیواڑی(Nitesh Tiwari) تھے جبکہ عامر خان کے ساتھی اداکاروں میں ساکشی تنور‘فاطمہ ثنا شیخ،زائرہ وسیم اور ثانیا ملہوترا شامل تھے۔فلم نے 12.39 ملین ڈالر کا بزنس کیاجسے ناقدین نے بھی بہت سراہا تھا۔”دنگل“دُنیا بھر میں بزنس کے حوالے سے 2016ء کی 30ویں سب سے بڑی فلم قرار پائی جبکہ غیرملکی زبان کی پانچویں سب سے بڑی فلم ہونے کا اعزازاسے حاصل ہوا۔ 62ویں فلم فیئر ایوارڈ میں اسے چار ایوارڈز کا مستحق قراردیاگیاجن میں بہترین فلم اوربہترین اداکار کا ایوارڈ بھی شامل ہے۔

5-”تارے زمین پر“ 2007ء میں ریلیز ہوئی تھی،اس کی کہانی ایک آٹھ سالہ بچّے کے گرد گھومتی ہے جسے سکول اورگھر میں ایک بے کارچیز قرار دیدیاجاتاہے،پھر ایک آرٹ ٹیچر سکول میں آتا ہے جس میں برداشت اور شفقت کوٹ کوٹ کر بھری ہوتی ہے،وہ بچے کے اصل مسائل کا کھوج لگالیتا ہے،اس فلم کے دو ہدایت کار تھے ایک خود عامر خان اور دوسرے امول گپتا۔عامرخان کے ساتھ اس فلم میں درشیل سفارے‘تانے چھیدا اور سچت انجینئر شامل تھے۔فلم نے 1.20 ملین ڈالرکابزنس کیا اور اسے تاریخ کی بہترین فلم بھی قرار دیاگیا۔ اس فلم کوبھی بے شمار ایوارڈز ملے جن میں فلم فیئر ایوارڈ برائے بہترین فلم 2008ء اوراسی سال نیشنل فلم ایوارڈ برائے بہترین فلم بھی شامل تھا۔ 

6-فلم”پی کے“ نے تو 2014ء میں تہلکہ مچادیا تھابزنس کے اعتبار سے بھی اور اپنے منفرد موضوع کے لحاظ سے بھی۔یہ ایک خلائی مخلوق کے فرد کی کہانی ہے جو زمین پر اُترنے کے بعد اپنا ریموٹ کنٹرول کھو بیٹھتا ہے جس کے ذریعے وہ اپنے خلائی جہاز سے رابطہ کر سکتا ہو۔اس کی معصوم فطرت اور بچوں جیسے سوالات نے وہ تاثر چھوڑا کہ لوگ مختلف مذاہب کے عوام پر اثرات کا جائزہ لینے پر مجبور ہو گئے۔ اس فلم کے ڈائریکٹر راجکمار ہیرانی تھے جبکہ عامر خان کے ساتھی فنکاروں میں انوشکا شرما‘ سنجے دَت اور بومن ایرانی شامل تھے۔ 10.62 ملین ڈالر کا بزنس کرکے اسے بہت پذیرائی ملی۔

7- ”جو جیتا وہی سکندر“1992ء میں منظرعام پر آئی، کالج میں ایک امیر باپ کا بگڑا اور ایک غریب لڑکا ایک لڑکی کو متاثر کرنے کی کوشش میں ہوتے ہیں تاکہ وہ ان کی طرف مائل ہو،فلم میں سائیکل ریس کے مناظر بھی انتہائی دلچسپ ہیں۔فلم کے ہدایت کار منصور خان تھے جبکہ عامرخان کے ساتھی فنکاروں میں عائشہ جھلکا‘دیپک تجوری اور پوجا بیدی شامل تھے۔ فلم کو دو فلم فیئر ایوارڈز ملے جن میں سے ایک بہترین فلم کا تھا، اس فلم کو کئی بار دوبارہ بنایا جاچکا ہے۔1999ء میں تلیگو میں ”تھامنڈو“کے نام سے،2001ء میں تامل زبان میں ”بدری“ کے نام سے،2001ء ہی میں کناڈا فلم یوراج اور 2003ء میں بنگالی زبان میں ”چیمپئن“کے نام سے بنی۔ 

8-”دل چاہتا ہے“2001ء میں نمائش کے لئے پیش ہوئی۔یہ فلم بچپن کے تین دوستوں کی کہانی ہے جو تازہ تازہ کالج سے فارغ التحصیل ہوتے ہیں،ویسے تو ان میں اتنا ایکا ہوتاہے کہ ہوا بھی اُن کے درمیان میں سے نہیں گزر پاتی،پھر اُن سب کو محبت ہو جاتی ہے تواُن کی علیحدہ علیحدہ سوچ آپس میں تعلقات کی خرابی کا باعث بن جاتی ہے۔اس فلم کے ڈائریکٹر فرحان اختر تھے جبکہ اداکاروں میں عامر خان کے علاوہ سیف علی خان،اکشے کھنّہ اور پریتی زنٹا شامل تھے،فلم نے 30 ملین ڈالر کا بزنس کیااوراسی سال اسے بہترین فیچر فلم کا فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا۔

9-”انداز اپنا اپنا“1994ء میں ریلیز ہوئی،اس فلم کی کہانی دو ایسے کام چوروں کے گرد گھومتی ہے جو ایک نواب زادی کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لئے مقابلہ بازی کرتے ہیں اور پھر نہ چاہتے ہوئے بھی اس کے محافظ بن کر ایک شیطان صفت مجرم سے اُسے بچاتے ہیں،اس فلم کی ہدایت کاری کے فرائض راجکمار سنتوشی نے ادا کئے جبکہ اداکاروں میں عامر خان کے علاوہ سلمان خان،روینہ ٹنڈن اورکرشمہ کپور شامل تھے۔یہ فلم بالی وُڈ کی شاندار کامیڈی فلم قرار پائی،اگرچہ بزنس کے اعتبار سے یہ کچھ زیادہ بہتر نہیں رہی مگر اس کے بارے میں اکثر مثبت بحث ہوتی رہی ہے۔

10-”گجنی“ 2008ء میں ریلیز ہوئی جو ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جس کی یادداشت کچھ عرصہ کے لئے ختم ہوجاتی ہے اور وہ اپنی محبوبہ کے قتل کا بدلہ لینے کے لئے ایک نئے سفر کا آغاز کرتا ہے۔فلم کے ڈائریکٹر اے آر موروگدوس اور اداکاروں میں شامل تھے عامر خان،آسن،جیا خان اور تنوآنند۔ فلم نے 2.34 ملین ڈالر کا بزنس کیا۔فلم کے ڈائریکٹر نے 2005ء میں یہی فلم تامل زبان میں بھی بنائی تھی۔”گجنی“ 2008ء کی سب سے زیادہ سرمایہ کمانے والی فلم ثابت ہوئی اور یہ صرف اندرون ملک 100 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کرنے والی پہلی فلم تھی۔ 

جاری ہے۔۔۔۔